
کراچی: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کا کہنا ہےکہ نظریہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہ کرنا ہے۔ ایسا کرنے والا ہر شخص نظریہ پاکستان اور بانی پاکستان کا مجرم تصور کیا جائےگا، بحر سے نہر تک فلسطین فلسطینیوں کا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات پورے خطے کو آگ لگا سکتے ہیں۔ وزیرِاعظم پاکستان کی جانب سے ٹرمپ کے نام نہاد منصوبے کی حمایت فلسطینی عوام کے خون سے غداری اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کے نظریئے سے کھلی خیانت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قائد اعظمؒ نے واضح کہا تھا کہ اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے اور پاکستان اسے کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ پاکستانی عوام کا دوٹوک مؤقف ہے کہ فلسطین ایک مکمل آزاد اور خود مختار ریاست ہو، جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، کسی نام نہاد امن منصوبے یا دو ریاستی فارمولے کو ہم فریب، دھوکہ اور اپنے نظریاتی تشخص کے منافی سمجھتے ہیں۔


































