
اسلام آباد:اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کے فوجداری مقدمے میں اُن پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے سابق وزیراعظم عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا تاہم وہ آج بھی پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے فردِ جرم عائد کرنے کے لیے سات فروری کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے عمران خان کو 20 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بھجوایا تھا، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے شکایت میں کہا ہے کہ ٹرائل کورٹ عمران خان پر کرپٹ پریکٹس کا ٹرائل کرے۔ ریفرنس کے مطابق عمران خان نے اثاثوں کی غلط تفصیلات جمع کرائیں اور کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب ہوئے۔ سیکشن 174 کے تحت جھوٹی تفصیلات جمع کرانے کی سزا بھی ہے، عدالت شکایت منظور کرکے عمران خان کو سیکشن 167 اور 173 کے تحت سزا دے۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق اس جرم میں تین سال جیل اور جرمانے کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔


































