
رام اللہ : فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کا کوئی سیکیورٹی یا فوجی حل نہیں ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات میں محمود عباس نے کہاکہ غزہ فلسطینی ریاست کا اٹوٹ حصہ ہے۔ انہوں نے القدس سمیت غزہ کی پٹی یا مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی نقل مکانی کو مکمل طور پر مسترد کرنے کے اپنے موقف کا اعادہ کیا۔ محمود عباس نے کہا کہ قابض اسرائیلی حکام کے غزہ کی پٹی کو القدس سمیت مغربی کنارے سے الگ کرنے اور اس پر دوبارہ قبضہ کرنے یا اس کے کسی حصے کو کاٹ دینے کے منصوبے کو قبول کرنا ممکن نہیں ہے۔ فلسطینی صدر نے زور دے کرکہا کہ سلامتی اور امن دو ریاستی حل کے مطابق سیاسی حل کی طرف بڑھنے سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے برطانوی وزیرخارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست فلسطین کو تسلیم کریں اور اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت حاصل کرنے کے لیے اس کی کوششوں کی حمایت کریں۔


































