
تہران: ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے صیہونی حکومت کے فضائی حملوں کے بعد اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسرائیل نے بزدلانہ کاروائی کرکے اپنے تلخ انجام کا سامان خود فراہم کیا ہے۔ صیہونی حکومت کی جانب سے تہران اور دیگر ایرانی شہروں پر فضائی حملوں کے بعد آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایرانی قوم کے نام پیغام میں صیہونی حکومت کو سخت جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔
رہبر معظم کے پیغام کا متن ذیل میں پیش کیا جاتا ہے:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
عظیم ایرانی قوم!
صیہونی حکومت نے آج صبح اپنے خون آلود ہاتھوں سے ہمارے پیارے ملک کے خلاف ایک ظالمانہ حرکت کا ارتکاب کیا اور اپنی خبیث فطرت کو رہائشی مراکز پر حملہ کر کے ایک بار پھر واضح کر دیا۔ یہ حکومت سخت سزا کی منتظر رہے۔ ان شاء اللہ، اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کا طاقتور ہاتھ اسے ضرور پکڑے گا۔
دشمن کے حملے میں کئی کمانڈروں اور سائنسدانوں نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ ان شاء اللہ، ان کے جانشین اور ساتھی اپنے فرائض فوری طور پر سنبھال لیں گے۔
صہیونی حکومت نے اس ظلم کے ذریعے اپنے لیے ایک دردناک اور تلخ انجام کو دعوت دی ہے، اور یہ یقیناً اسے بھگتے گا۔
سید علی خامنہ ای


































