
ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کی صورتحال خوفناک ہے۔ اسرائیل غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹا رہا ہے۔ روسی پارلیمنٹ کی فیڈریشن کونسل سے خطاب میں سرگئی لاروف نے کہا کہ اسرائیل کا ماننا ہے کہ اسے حماس کو کسی بھی طریقے سے ختم کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ ہم اس وقت دیکھ سکتے ہیں کہ اس طرح کے راستے کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔ پوری پوری بستیوں کو زمین بوس اور ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ روسی ویرخارجہ نے کہاکہ اگر ہم ان پوزیشنوں سے جائزہ لیں جو مغرب اس وقت لے رہا ہے تو وہ فلسطینی ریاست کے قیام کا کوئی ارادہ نہیں دکھتا۔ ہماری معلومات کے مطابق مغرب اور اسرائیلی قیادت غزہ کو مغربی کنارے کے ساتھ ملانا نہیں چاہتے۔ موجودہ حالات میں فلسطینی ریاست کا قیام زیادہ ناگزیر ہوچکا ہے۔


































