
نابلس : مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فوج نے طولکرم پناہ گزین کیمپ میں چھاپا مار کارروائی کے دوران فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو شہید اور 8 کو زخمی کردیا ۔ نوجوان کی شناخت 23 سالہ محمود جراد کے نام سے ہوئی ہے جس کے سینے میں گولی ماری گئی تھی۔ رواں ہفتے شہید ہونے والا یہ ساتواں فلسطینی نوجوان ہے۔ نوجوان کا تعلق طولکرم بریگیڈ سے تھا جو اسلامی جہاد تحریک کے مسلح عسکری ونگ سے وابستہ ہے اسلامی جہاد تحریک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طولکرم کیمپ میں اسرائیلی فوج کے حملے کا بھرپور جواب دیا۔ اسرائیلی فوج کی سفاکیت کے خلاف فلسطینی سراپا احتجاج بن گئے جنھیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ اسرائیلی فوج نے چھتوں پر اسنائپر بھی تعینات کیے تھے۔


































