
نیویارک: امریکا اور برطانیہ نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی سے متعلق روسی قرارداد ویٹو کردی۔ قرارداد کے حق میں پانچ ممالک روس, چین، متحدہ عرب امارات، موزمبیق اور گیبون نے ووٹ دیا۔ امریکہ، فرانس، برطانیہ اور جاپان نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ جبکہ چھ ملکوں البانیا، برازیل، ایکواڈور، گھانا، مالٹا اور سوئٹزر لینڈ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ روس نے جمعہ کو قرارداد کا مسودہ پیش کیا تھا جس میں قیدیوں کی رہائی، انسانی امداد کی فراہمی اور ضرورت مند شہریوں کے محفوظ انخلاء کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ روسی مندوب نے سلامتی کونسل کو مغربی دنیا کی خود غرضی کا یرغمال قرار دیا۔ امریکی اور برطانوی مندوب نے کہاکہ ہم ایسی قرارداد کی حمایت نہیں کر سکتے جس میں اسرائیل کے خلاف حماس کے حملوں کی مذمت نہ ہو۔فلسطینی مندوب ریاض منصور نے کہا کہ سلامتی کونسل فلسطینیوں کے قتل عام کو جائز قرار دیتی ہے اور مقتول کو مورد الزام ٹہراتی ہے۔ اسرائیل نے غزہ میں کسی پر رحم نہیں کیا اور وہ غزہ میں قتل عام کر رہا ہے اور مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔


































