
نیویارک : ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہاکہ تہران اپنے جوہری حقوق سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا اور 2015 کے جوہری معاہدے کے فریقین سے توقع کرتا ہے کہ وہ معاہدے کے تحت اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ نیویارک میں نیوز کانفرنس کےدوران انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں نے گزشتہ سال ایران میں فسادات سے اپنی امیدیں وابستہ کرکے مذاکرات کی میز چھوڑ دی تھی جو حساب کتاب کی واضح غلطی تھی۔ اگر امریکہ جوہری معاہدے کو بحال کرنا چاہتا ہے تو اسے نیک نیتی اور پختہ ارادے کا اظہار کرنا ہوگا۔ پابندیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔ وقت آ گیا ہے کہ امریکہ درست راستے کا انتخاب کرے۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ’امریکہ نے یورپی ممالک کو کمزور کرنے کے لیے یوکرین میں تشدد کی آگ کو بھڑکایا ہے۔ یہ بدقستی سے طویل مدتی منصوبہ ہے۔ ہم دشمنیوں اور جنگ کو ختم کرنے کے لیے کسی بھی قسم کے اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔


































