
بغداد : امریکی افواج نے عراق میں اپنے دو فوجی اڈوں سے اچانک اور غیر اعلانیہ انخلاء شروع کردیا ہے۔ عرب ویب سائٹ مڈل ایسٹ مانیٹر نے ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیاہےکہ مغربی عراق کے فوجی مرکز عین الاسد ایئربیس اور کردستان ریجن کے دارالحکومت اربیل کے فوجی اڈے سے امریکی فوجیوں کو ایک پڑوسی اور نامعلوم عرب ملک میں منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا نے عراقی حکام کو فوجی اڈوں سے انخلاء کی رفتار کو تیز کرنے کے اپنے فیصلے سے باضابطہ طور پر مطلع کردیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک فریم ورک معاہدے کے تحت پہلے سے طے شدہ ٹائم ٹیبل کی عدم تعمیل کا اعلان کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انخلاء سے عراق میں سلامتی کے توازن پر اہم اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے ۔ عراقی حکومت نے ابھی تک اچانک انخلاء یا امریکہ کے ساتھ مستقبل میں فوجی تعاون پر اس کے اثرات کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔


































