
واشنگٹن : مذہبی آزادی مانیٹر کرنیوالے امریکی ادارے نے ہندوستان میں مذہبی آزادی کی صورتحال تشویش ناک قرار دےدی۔ یو ایس کمیشن انٹر نیشنل ریلیجئیس فریڈم کی رپورٹ میں ہندوستان کی طرف سے بیرون ملک مذہبی اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کا بطور خاص حوالہ دیا گیا ہے۔ جبکہ رپورٹ میں ہندوستانی حکومت کی جانب سے صحافیوں، وکیلوں کے خلاف سرگرم رہنے حتیٰ کہ انہیں خاموش کرانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیاہے۔
ادارے نے بائیڈن انتظامیہ سے کہا ہے کہ ہندوستان کے خلاف ‘یو ایس مذہبی آزادی ایکٹ’ کے تحت کارروائی کی جائے۔ ادارے کے سربراہ اسٹیفن شینیک نے ہندوستانی حکومت کو کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجرکے قتل میں ملوث بتایا ہے۔ اسی طرح امریکہ میں مقیم سکھ رہنما گرپت وانت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کا بھی ذمہ دار قرار دیا ہے۔


































