
کوئٹہ: پاراچنار میں پیش آنے والے واقعات، محاصرے اور سڑک کی بندش کے خلاف کوئٹہ میں علمدار روڈ پر مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے احتجاجی دھرنا پانچویں دن بھی جاری ہے۔ شدید سردی کے باوجود بزرگوں، جوانوں، بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد پاراچنار کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی دھرنے میں موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے گذشتہ پانچ روز کے دوران کوئٹہ میں سردی کی شدت منفی سات سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کی ہے، تاہم یہ سردی بھی مظاہرین کو دھرنے میں شرکت کرنے سے نہ روک سکی۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ پاراچنار کے مظلوم عوام تک فوری طور پر ادویات، خوراک اور دیگر ایشائے ضرورت پہنچائی جائیں۔ علاقے کے محاصرے کے باعث انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔ جس میں 130 سے زائد کم سن بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ بزرگوں اور خواتین سمیت پاراچنار میں مقیم آٹھ لاکھ پاکستانی عوام کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔


































