
پاراچنار: خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں راستوں کی بندش کے خلاف دھرنا 13 ویں روز میں داخل ہوگیا، شہریوں کی بڑی تعداد پاراچنار پریس کلب کے باہر احتجاج میں شریک ہے۔
پشاور پاراچنار مین شاہراہ کی بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں، ابتر صورتحال کے خلاف پاراچنار میں شہریوں کا شدید سرد موسم میں پریس کلب کے باہر دھرنا جاری ہے۔ شہریوں کی بہت بڑی تعداد دھرنے میں موجود ہے۔
اس موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان خیبر پختونخوا ریجن ضلع کرم پاراچنار کے زیر اہتمام شب شہداء بیاد شہدائے پاراچنار کا انعقاد کیا گیا، جس میں علامہ خیال حسین دانش اور علامہ نور حسین نجفی و دیگر علماء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، پروگرام میں علمائے کرام عمائدین پاراچنار کے مومنین شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ پاراچنار میں راستوں کی بندش کیوجہ سے انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، 128 بچوں سمیت 200 افراد دوائیاں اور بہتر علاج نہ ہونے کے سبب موت کی آغوش میں جاچکے ہیں۔
پاراچنار کے محاصرے کیخلاف مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے تحت ملک بھر میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔


































