
پاراچنار: ضلع کرم کے لیے اشیائے خوردونوش کا دوسرا قافلہ چھ دن بعد پاراچنار پہنچ گیا۔ دوسرا قافلہ ٹل کینٹ سے روانہ کیا گیا۔ 25 مال بردار گاڑیوں پر مشتمل دوسرے قافلے میں آٹا، گھی، چینی اور روز مرہ کی اشیاء سمیت تاجروں کا سامان بھجوایا گیا ہے جب کہ قافلے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ مال بردار ٹرک پارا چنار، بوشہرہ، علی زئی اور دیگر متاثرہ علاقوں تک پہنچائے گئے۔ کرم میں حالیہ کشیدگی کے بعد پہلا قافلہ 8 جنوری کو روانہ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب کرم میں ٹل پاراچنار روڈ محفوظ بنانےکےلیے اہلکاروں کی بھرتی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے جس کے تحت اسپیشل پروٹیکشن فورس کی بھرتی رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی۔


































