
اسلام آباد: مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کا حکمرانوں پر اعتماد ختم ہو چکا ہے۔ اصل مسئلہ پاراچنار کا راستہ کھلوانا ہے۔ ہیلی کاپٹر میں دوائیں بھیج کر عوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے۔ اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ کرم کے عوام جنگ نہیں امن چاہتے ہیں۔ کچھ قوتیں ہیں جو چاہتی ہیں وہاں لڑائی فساد ہو۔ ڈھائی ماہ ہوگئے کرم جیل بن چکاہے۔ 2007 میں بھی کرم تین سال محاصرے میں رہا جنہیں آپ خوارج کہتے ہو کرم کے عوام نے ان سے لڑ کر ملک کا پرچم بلند رکھا۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ پانچ چھ سال سے کرم میں دہشت گرد حملہ آور ہیں لیکن کوئی وہاں تک نہ پہنچا۔ میڈیا پر خبر تک نہیں چلانے دی گئی۔ عوام کو بے خبر رکھا گیا۔ وہاں کے لوگوں نے اپنے عوام کا تحفظ کیا۔ جب لوگوں کی آپ حفاظت آپ نہیں کریں گے تو وہ اسلحے کے بغیر اپنی حفاظت کیسے کریں گے، کہتے ہیں اسلحہ ہمارے حوالے کر دو راستے کھول دیں گے۔ یہ جملہ خود ایک جرم ہے ایف آئی آر ہونی چاہے۔ آپ پر عوام کا اعتماد ہوتا تو انہیں تحفظ کی کوئی امید ہوتی۔ یہ چاہتے ہیں ہم علاقہ چھوڑ دیں۔ یہ بارڈر پر موجود عوام کو نہتا کرکے دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راستے بند کرکے عوام پر دباؤ ڈالا جارہاہے کہ ہماری مرضی کے کاغذ پر دستخط کرو۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ایک ہی ہے کہ فوری طور پر وہاں پر راستہ کھولیں۔ ہمارے دھرنے کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ ان نالائقوں کے خلاف ہیں۔


































