
بیروت : حزب اللہ کے جنرل سیکریٹری سید حسن نصراللہ نے قندوز دھماکے کا ذمےدار امریکا کو قرار دیا ہے انہوں نے کہا کہ بظاہر داعش نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے لیکن اس جرم کا اصل ذمہ دار امریکاہے کیونکہ اس نے داعش کو عراق سے افغانستان منتقل کیا ہے۔ سید حسن نصر اللہ نے ملک میں بجلی کے بحران کے حل کے تعلق سے کہا کہ مشرق و مغرب سے لبنان کے بجلی کے بحران کے حل کیلئے مختلف پیش کش سامنے آئی ہیں لیکن میری نظر میں اس تعلق سے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللھیان کی پیشکش پر توجہ کرنی چاہیئے۔حسن نصراللہ نے لبنان میں بجلی کا بحران پیدا کرکے بجلی کی صنعت کی نجکاری کا راستہ ہموار کرنے کی کچھ لوگوں کی کوششوں سے خبردار کیا اور کہا کہ اگر امریکا بجلی کے بحران کے حل کی مخالفت کرے تو اس سے نپٹنے کے لئے مناسب قدم اٹھایا جائے۔ انہوں نے ملک میں معین وقت پر انتخابات کرانے پر زور دیا اور کہا کہ اس وقت ملک میں ایسی کوئی علامات نظر نہیں آ رہی ہیں جو مختلف سیاسی جماعتوں اور گروہوں کی طرف سے پارلیمانی انتخابات میں التواء کی طرف اشارہ کرتی ہوں۔


































