
صنعا: یمن کی اعلیٰ سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ امریکی اتحاد کا مقصد بین الاقوامی کشتی رانی کو بچانا نہیں بلکہ اسرائیل کی حفاظت ہے۔ بحیرہ احمر میں امن اسی وقت بحال ہوسکتا ہے جب اسرائیل غزہ پر جارحیت بند کرے۔ امریکی فیصلے کے نتیجے میں بحیرہ احمر کی سیکورٹی کو مزید خطرات لاحق ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ غزہ میں صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی حمایت کرتا ہے۔ جو بھی بحیرہ احمر میں امن چاہتا ہے غزہ میں صیہونی جارحیت کو رکوائے۔ الحوثی نے کہا کہ یمن کے خلاف امریکہ اور دیگر ممالک کی کوئی کارروائی ہوجائے تو یمنی عوام ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھیں گے بلکہ خطرات کا میدان میں اتر کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی ملک یمن کے خلاف اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے یمن اس کو دندان شکن جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب اور عرب امارات کو نصیحت کرتے ہیں کہ فلسطینی عوام کی حمایت کریں۔ سعودی عرب کو بھی مستقبل میں صیہونی حکومت کی جانب سے خطرہ ہے۔ فلسطین کے مسئلے پر غیر جانبدار رہنا سعودی عرب کے لئے سودمند نہیں ہوگا۔


































