
تہران : عبوری ایرانی صدر محمد مخبر نے کہاہے کہ شہید آیت الله سید ابراہیم رئیسی سمجھتے تھے کہ فقط علاقائی ممالک کے درمیان تعاون سے ہی امن و سلامتی وجود میں آ سکتی ہے۔ آذربائیجان کے صدر سے ٹیلی فونک گفتگو میں ایرانی صدر نے کہا کہ ابراہیم رئیسی کا خیال تھا کہ صیہونی رژیم عملی طور پر نیٹو کا حصہ ہے اسی لئے خطے میں اغیار کی موجودگی سے قفقاز میں بدامنی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایرانی و آذری عوام ایک دوسرے کے ساتھ قلبی اور دینی تعلق رکھتے ہیں کہ جو اٹوٹ تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید ایرانی صدر کے آخری دورہ میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدوں کی حمایت کرتا ہوں اور جتنا جلدی ہو سکے ان معاہدوں پر عمل درآمد ہونا چاہئے۔ دوسری جانب آذربائیجان کے صدر نے شہید ایرانی صدر کے ساتھ آخری ملاقات میں ہونے والی گفتگو اور مشاورت کی جانب اشارہ کیا۔ انہوں نے اس نشست میں حاصل ہونے والے معاہدوں کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون کو بہتر بنانے کا ذریعہ قرار دیا۔


































