
صنعا : انصار اللہ نے سعودی اتحاد کو خبردار کیا ہے کہ مزید تکلیف دہ حملوں کیلئے تیار رہیں۔ سپریم پولیٹیکل کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے کہا کہ عرب اتحاد جتنی زیادہ جارحیت اور یمنی عوام کا محاصرہ جاری رکھیں گے، اتنی ہی سخت، بڑی اور تکلیف دہ حملوں کے لئے تیار رہیں۔ ملکی افواج ظالم اور جابر دشمن کا مقابلہ کریں گی۔ پاسنگ آوٹ کی تقریب کے دوران محمد علی حوثی نے کہا کہ ڈویژن کے کمانڈر، مسلح افواج اور عوامی کمیٹیوں اور سیکیورٹی فورسز کے دیگر ہیروز کی طرح دشمنوں کی سازشوں کے خلاف مضبوط گڑھ ہیں۔ آج یمن کو ایک ایسی بین الاقوامی سازش کا سامنا ہے جو صرف اس ملک کی سرزمین تک محدود نہیں ہے بلکہ پوری امت اسلامیہ کو اس میں ملوث کر دیا گیا ہے۔ محمد علی الحوثی نے کہا کہ یمنی افواج دشمن اور اس کی سازشوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ یمنی فورس خدا پر یقین اور بھروسہ رکھتی ہے، دشمن، امریکہ اور اسرائیل پر انحصار کرتا ہے، ہماری افواج کا ہتھیار ایمان اور صبر ہے لیکن دشمن امریکہ کے ہتھیار پر ایمان رکھتے ہیں۔


































