
نیویارک: امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے پاس حماس کے حملے کا مقابلہ کرنے کے منصوبے کا فقدان تھا۔ نیویارک ٹائمز نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کہاہےکہ سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے دوران اسرائیلی فوج کمزور اور آؤٹ آف پوزیشن تھی۔ رپورٹ کے مطابق فوج اتنی غیر منظم تھی کہ فوجیوں نے فوری طور پر واٹس ایپ گروپس میں بات چیت کی اور معلومات کے لیے سوشل میڈیا پوسٹوں پر انحصار کیا۔ رپورٹ کے مطابق کمانڈوز صرف مختصر لڑائی کے لیے مسلح ہو کر جنگ میں پہنچ گئے۔ ہیلی کاپٹر کے پائلٹس کو اہداف کا انتخاب کرنے کے لیے نیوز رپورٹس اور ٹیلی گرام چینلز کو دیکھنے کا حکم دیا گیا تھا۔ موجودہ اور سابق فوجی عہدیداروں کے انٹرویوز سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اسرائیلی فوج کے پاس حماس کے کسی حملے کے لیے کوئی جوابی منصوبہ یا تربیت نہیں تھی۔


































