
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی بحریہ نے ثابت کر دیا کہ آزاد سمندر پر تمام اقوام کا حق ہے۔ بحریہ کے 86 ویں گروپ کے کمانڈر، عملے اور اہل خانہ سے ملاقات میں ولی امر مسلمین نے کہا کہ اگر ان نام نہاد سپر طاقتوں کا بس چلے تو یہ سمندروں کو بھی اپنے نام کر لیں گی اور دیگر اقوام کو محروم کر دیں گی۔ یہ امریکا کی خصوصیات میں سے ایک ہے لیکن آپ نے اسے توڑا ہے اور یہ جرآت آپ کے اقدام کے واضح نتائج میں سے ایک ہے۔ ولی امر مسلمین نے کہاکہ ان کا یہ کہنا کہ بعض جہازوں کو آبنائے سے گزرنے کی اجازت نہیں دیتے، بہت بڑی غلطی ہے۔ سمندر اور ہوا تمام قوموں کے لیے آزاد ہونا چاہیے، تمام ممالک کے لیے جہاز رانی اور بحری نقل و حمل کی حفاظت کو یقینی بنانا چاہیے۔ آج امریکی آئل ٹینکرز پر حملے کرتے ہیں، سمندری اسمگلنگ کرنے والے گروہوں کی مدد کرتے ہیں، یہ ہمارے خطے میں ان کا بڑا جرم ہے۔ دوسری جگہوں پر بھی وہ اس طرح کی حرکتیں کرتے ہیں۔ لیکن یہ ناقابل معافی بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ آپ نے اس اقدام کے ذریعے سمندر کی حفاظت کے قانون کو عملی طور پر سب کے لیے نافذ کیا۔


































