
کراچی: نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ علمائے کرام کا قتل اور حملے بہت اہم مسئلہ ہے، تحقیقاتی ادارے ان واقعات میں ملوث ملزمان تک پہنچ گئے ہیں جلد قاتلون کے نام عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔ کراچی میں رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو جو مسائل درپیش ہیں وہ رفتہ رفتہ کم ہو جائیں گے، ہمارے علما سمجھتے ہیں یہ اچھی بات ہے۔ علما سے درخواست ہے کہ قوم کو مایوسی سے نکالیں۔ حکومت وقت کی بنیادی ذمے داری ہے کہ عوام کے مسائل کو حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ توہین رسالت ناقابل قبول ہے، توہین آمیز مواد جو سوشل میڈیا پر آرہا ہے اس کو روکا جائے گا۔ کابینہ میں اس حوالے بات کروں گا اور فوری ایکشن لیا جائے گا، ہماری سمت درست ہے اور آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔


































