
روم : اٹلی کے دارلحکومت روم میں جی 20 کے رہنماؤں کے اجلاس میں گلوبل وارمنگ کو 1.5 ڈگری سیل سیس تک محدود کرنے کا عزم کیا گیا اور کوئلے کے استعمال پر کارروائی کا وعدہ کیا گیا۔ دنیا کا تقریباً 80 فیصد کاربن کا اخراج کرنے والے 20 بڑی معیشتوں کے گروپ اگلے پندرہ روز میں گلاسگو میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی مذاکرات کی کامیابی کے لیے اہم تصور کیا جارہا ہے۔ رہنماؤں نے 2015 کے پیرس اجلاس میں طے اہم وعدوں کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔اس میں کہا گیا کہ 1.5 ڈگری کے عزم کو پورا کرنے کے لیے مختلف طریقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ممالک کی جانب سے بامعنی اور موثر اقدامات کی ضرورت ہوگی ۔ سفارت کاروں نے کہا کہ پیرس معاہدے کے مقابلے میں استعمال کی گئی زبان زیادہ سخت تھی تاہم رضاکار تنظیموں نے حتمی بیان کو کمزور قرار دیا۔ بیان کے مطابق امریکا، چین، بھارت، روس، اور یورپی یونین سمیت جی 20 ممالک کے رہنما واضح قومی منصوبوں پر زور دیتے ہیں۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ 1.5 ڈگری کے ہدف کو پورا کرنے کا مطلب ہے کہ 2030 تک عالمی اخراج کو تقریباً نصف تک کم کرنا اور 2050 تک صفر تک پہنچ جانا ہے۔


































