
تہران : صہیونی جارحیت میں شہید ایرانی فوجی کمانڈروں اور سائنسدانوں کی تشییع جنازہ ہفتہ 28 جون کو ہوگی۔ جس میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ تبلیغات اسلامی کمیٹی تہران کے سربراہ حجتہ الاسلام سید محسن محمودی نے صحافیوں کو بتایا کہ انقلاب اسکوائر سے آزادی اسکوائر تک شہداء کی تشییع کی جائے گی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 28 جون کو جہاں ایک طرف آیت اللہ شہید بہشتی اور ان کے باہتر رفقاء کی شہادت کی برسی ہے وہیں اس مرتبہ یہ دن ان عظیم کمانڈروں اور سائنسدانوں کی تشییع سے جڑ رہا ہے جنہیں دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں میں شہید کیا گیا۔ حجت الاسلام محمودی نے کہا کہ اس دن محض سوگ نہیں بلکہ ایرانی قوم کی غیرت، مزاحمت اور بصیرت کا عملی مظاہرہ ہو گا۔
تشییع جنازہ کا جلوس ایرانی قوم کی طاقت کی واضح جھلک ہوگی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ میٹرو، بسیں، ٹیکسیاں اور دیگر ادارے عوامی شرکت کی سہولت کے لیے تیار رہیں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام اپنے ساتھ بینرز، پلے کارڈز اور قومی پرچم لائیں تاکہ امریکہ اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار بھرپور انداز میں کرسکیں۔


































