
کراچی: سربراہ ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاکہ حکمران کی عدم توجہی نے کرم ایجنسی پاراچنار کے مسئلے کو سنگین بنا دیا ہے۔ ضلع کرم میں شیعہ وسنی عوام کبھی بھی لڑائی نہیں چاہتے۔پاراچنار میں دونوں فریقین کی رضامندی سے امن معاہدہ ہوچکا ہے معائدے پر عمل درآمد کی ذمہ داری اب حکومت پر عائد ہوتی ہے. کراچی میں نیوز کانفرنس کے دوران علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاراچنار کی مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے دھرنوں پر کراچی میں ریاستی جبر کی شدید کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں پر دھاوا بول کر سندھ حکومت نے اپنے قائد ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری فکر و اقدار کو پامال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے کہ انہوں نے مظلوموں کا خون بہایا ہے۔پیپلزپارٹی کو اس فسطائیت اور غیر قانونی فیصلوں کی سیاسی قیمت چکانی پڑے گی۔پیپلز پارٹی نے دھرنے کے پرامن شہریوں پر تشدد کر کے اپنی آمرانہ سوچ کی عکاسی کی ہے۔پی پی لیڈر شپ ماضی میں جھانک لے کہ عام عوام پر تحکمانہ اور آمرانہ انداز حکومت کس کا وطیرہ رہا ہےم بلاول بھٹو سندھ میں ہونے والی بربریت کا نوٹس لیں اور واقعات کی تحقیقات کرائیں۔ دھرنوں میں موجود عمائدین پر بنائے گئے جھوٹے مقدمات واپس لئے جائیں۔ بے گناہ گرفتار افراد کو فی الفور رہا کیا جائے۔


































