
دوحہ: قیدی تبادلے کے معاہدے کے تحت ایران اور امریکا نے ایک دوسرے کے پانچ پانچ قیدی رہا کردئے۔ ایران نے امریکا اور برطانیہ کی دہری شہریت کے حامل پانچ قیدیوں کو رہا کیا۔ جس میں 51 سالہ سیامک، 59 سالہ عماد شرقی، اور 67 سالہ مراد شامل ہے جبکہ دو قیدیوں کے نام ظاہر نہیں کئے گئے ہیں۔ پانچ قیدیوں کی رہائی کے بعد قطر ائرویز کا طیارہ تہران ایئرپورٹ سے دوحہ روانہ ہو گیا۔ امریکی شہریوں کے ساتھ ان کے خاندان کے دو افراد اور قطر کے تہران میں سفیر بھی جہاز پر موجود تھے۔ قطر پہنچنے والے دوہری شہریت کے حامل پانچ امریکی شہری وہاں سے امریکہ روانہ ہوں گے۔
قیدیوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ امریکا نے ایران کے چھ ارب ڈالر کے منجمد فنڈز بھی جاری کر دیے ہیں۔ ادھر امریکا کی جانب سے رہا کئے گئے دو ایرانی شہری قطر پہنچ گئے ہیں۔ پہلی بار 10 اگست کو منظر عام پر آنے والا قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان جاری بڑے اضطراب کو دور کر دے گا۔


































