
نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بحران انسانی جہتوں سے آگے بڑھ چکا ہے۔ یہ ایک اخلاقی بحران بن چکاہے جو عالمی ضمیر کو جھنجوڑ رہا ہے۔ انتونیو گوتریس نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی عالمی اسمبلی سے ورچوئل خطاب میں کہا کہ طاقتور قوتیں انسانی حقوق کے خلاف ہیں اور وہ انسانی حقوق کے تحفظ اور انہیں برقرار رکھنے کے لیے بنائے گئے بین الاقوامی نظام کو بھی تسلیم نہیں کرتی ہیں۔ گوتریس نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت سمیت بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی چیز سات اکتوبر کے بعد سے جاری ہلاکتوں اور تباہی کا جواز پیش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تباہی کا پیمانہ اور دائرہ کسی بھی چیز سے باہر ہے جو ہم نے حالیہ دنوں میں دیکھا ہے۔ انتونیو گوتریس نےکہا کہ انہوں نے بین الاقوامی برادری میں ہمدردی۔ سچائی اور انسانیت کے فقدان اور بے حسی اور بے عملی کی جو سطح دیکھی ہے وہ اس کی وضاحت نہیں کر سکتے۔


































