
مستونگ: ملک میں دو خودکش حملوں میں 57 افراد کی موت پر سوگ کا سماں ہے. مستونگ اور ہنگو حملوں کے مقدمات درج کرلئے گئے۔ بلوچستان کے شہر مستونگ میں خودکش حملے کے خلاف بلوچستان میں تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔ کئی جنازوں کی تدفین کردی گئی جبکہ دیگر کی مختلف علاقوں میں تدفین کا سلسلہ جاری ہے۔ واقعہ کے اسی 80 سے زائد زخمی مخلتف علاقوں میں زیر علاج ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ خودکش حملے کا مقدمہ نامعلوم حملہ آوروں کیخلاف درج کرلیا گیا ہے۔ آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ نے کہا کہ دھماکے میں 6 سے 8 کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ تحقیقات جاری ہیں لیکن ابھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
ہنگو میں بھی حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ خودکش حملہ آور کے جسم کے نمونے شناخت کے لیے فرانزک لیب بھیجے گئے ہیں۔ امریکا۔سعودی عرب۔ ایران اور دیگر کئی ممالک نے واقعہ کی مذمت کی ہے اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔


































