
واشنگٹن : بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ڈیلاویئر میں امریکی صدر جوبائیڈن کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقت کی۔ جبکہ کواڈ سربراہ کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ مودی نے امریکی صدر کے ساتھ ملاقات میں علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ نریندر مودی نے کہا کہ بات چیت انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی۔ سوشل میڈیا پوسٹ میں نریندی مودی نے لکھا کہ کواڈ سربراہ کانفرنس سے قبل ملاقات کے دوران ہمیں علاقائی اور عالمی مسائل پر بات کرنے کا موقع ملا۔ جوبائیڈن نے لکھا کہ ہندوستان کے ساتھ امریکا کی شراکت داری تاریخ کے کسی بھی دور سے زیادہ مضبوط، قریبی اور زیادہ متحرک ہے۔ انہوں نے لکھا کہ وہ جب بھی مودی سے ملتے ہیں تو وہ ان کی تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے کی صلاحیت سے بہت متاثر ہوتے ہیں اور یہ ملاقات بھی پہلے سے مختلف نہیں تھی۔ کواڈ سربراہ کانفرنس سے خطاب میں نریندر مودی نے کہا کہ یہ کانفرنس ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب دنیا تناؤ اور تنازعات میں گھری ہوئی ہے۔ ایسی صورتحال میں انسانیت کے لیے مشترکہ جمہوری اقدار کی بنیاد پر مل کر کام کرنا بہت ضروری ہے۔
آسٹریلیا، ہندوستان ، امریکہ اور جاپان پر مشتمل کواڈ گروپ کی سربراہ کانفرنس امریکی شہر ولیمنگٹن میں ہوئی۔


































