
تل ابیب: صیہونی حکومت نے عرب ممالک کو غزہ میں سیکیورٹی بفر زون کے قیام کا سازشی منصوبہ پیش کردیا۔ رائٹر نیوز ایجنسی نے مصری اور علاقائی ذرائع کے حوالے سے بفر زون کے منصوبے کا انکشاف کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل سازش کررہا ہےکہ غزہ اور اسرائیل کے درمیان شمال سے جنوب تک سیکیورٹی بفر زون ہو تاکہ حماس اور دوسرے مزاحمت کار گروپوں کے حملوں کو روکا جاسکے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے اپنے مکروہ منصوبے سے مصر، اردن۔ متحدہ عرب امارات۔ سعودی عرب اور ترکیہ کو آگاہ کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کسی عرب ملک نے فی الحال غزہ کی پولیس یا انتظامیہ کے لیے آمادگی ظاہر نہیں کی ہے۔
یو اے ای حکام کا کہنا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کے لیے فریقین کے کسی بھی متفقہ انتظامات کی حمایت کریں گے۔ صیہونی وزیرِ اعظم کے خارجہ پالیسی کے مشیر عوفر فالک نے بتایا کہ بفر زون کا منصوبہ 3 مراحل پر مشتمل ہے۔جس میں حماس کا خاتمہ، غزہ کو غیر فوجی اور غیر بنیاد پرست بنانا شامل ہے۔


































