
تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہاہےکہ ایران کا جوہری پروگرام ختم ہونے کا دعویٰ ایک واہمہ ہے۔ ایران کی جوہری صلاحیت تنصیبات میں نہیں ہمارے سائنسدانوں کے ذہنوں میں ہے۔
الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو میں صدر پزشکیان نے کہا کہ ہم ایٹمی ہتھیار بنانے کے خلاف ہیں، یہ ہمارا سیاسی، دینی، انسانی اور اسٹریٹجک مؤقف ہے۔ یورینیم کی افزودگی بین الاقوامی قوانین کے تحت ہمارے ملک میں جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے نہ پہلے کبھی سر جھکایا ہے اور نہ آئندہ ایسا کرے گا۔ ہم سفارت کاری اور مکالمے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آیندہ مذاکرات فریقین کے مفادات کی بنیاد پر ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، لیکن ہمیں جنگ بندی کی ضمانت پر بھی کوئی اعتبار نہیں۔ انہوں نے اسرائیل ایران کو تقسیم، غیر مستحکم اورختم کرنے کی کوشش میں ناکام رہا۔ اسرائیل کی جانب سے کسی بھی فوجی کارروائی کی غلطی دہرائی گئی تو ایران سخت جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔


































