
جدہ : اسلامی تعاون تنظیم نےمسجدِ اقصیٰ پرصیہونی وزیرِ سلامتی ایتمار بن گویر کی زیرقیادت دھاوے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مقدس مقام کی حیثیت تبدیل کرنے کی خطرناک کوشش قرار دیا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکریٹریٹ نے جدہ سے جاری بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیرِ کا اقدام مسجدِ اقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو بدلنے کے لیے جاری اسرائیلی خلاف ورزیوں کا تسلسل ہے۔ تنظیم نے واضح کیا کہ اسرائیل، بطور قابض طاقت، مقبوضہ القدس اور اس کے اسلامی و مسیحی مقدس مقامات پر کسی قسم کی خودمختاری نہیں رکھتا۔ بیان میں زور دیا گیا کہ مسجدِ اقصیٰ اپنے مکمل ایک سو چوالیس دونم رقبے سمیت صرف مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے۔ او آئی سی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرے اور اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جرائم اور خلاف ورزیاں روکنے پر مجبور کرے۔


































