
لندن : مسلمانوں کا دباؤ کام کرگیا۔ برطانیہ کی لیبر پارٹی نے حکومت میں آنے کے بعد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 4 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے رائے عامہ کے جائزوں میں لیبر پارٹی اپنے حریفوں سے بہت آگے ہے۔ لیبر پارٹی نے کہا ہے کہ وہ ایک نئے امن عمل میں شراکت کے طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گی۔ لیبرپارٹی کے انتخابی منشور میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی ریاست کا درجہ فلسطینی عوام کا ناقابل تنسیخ حق ہے۔ ہم ایک نئے امن عمل میں حصہ ڈالنے کے لیے فلسطین کو تسلیم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، جو کہ دو ریاستی حل پر منتج ہو جس میں محفوظ اسرائیل اور آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست ساتھ ساتھ ہو۔ بلدیاتی الیکشن میں لیبر پارٹی کو اپنی اسرائیل نوازی کی وجہ سے کئی حلقوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لیبر پارٹی کے سربراہ سرکیئراسٹارمر کے اسرائیل کے حق میں بیانات کے بعد درجنوں مسلمان کونسلر پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔


































