
تہران : ایران نے آپریشن وعدہ صادق سوم کی دسویں لہر کا آغاز کردیا۔ ایران نے تل ابیب۔ حیفہ اور اشدود پر بیس میزائل داغ دئے۔ ایران نے رات گئے اور صبح سویرے اسرائیل میں لگاتار میزائل داغے اور ڈرونز سے حملے کئے۔
اسرائیل کے اہم اور اسٹریٹجک اہداف پر متعدد بیلسٹک میزائل داغے گئے۔ ایرانی میزائل حملے میں اسرائیلی ائر بیس میں آگ لگ گئی۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی کہ ایران کی جانب سے مزید میزائل داغے گئے ہیں۔
ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فتح میزائلوں نے اسرائیلی فضائی حدود کا مکمل کنٹرول حاصل کرلیا اور اسرائیلی ائیر ڈیفنس کا نظام ایران کے فتح میزائلوں کو روکنے میں ناکام ہوگیا۔ ترجمان نے اسرائیلی شہریوں کو تل ابیب اور مضافاتی علاقے خالی کرنے کی نئی وارننگ بھی دے دی۔
ادھر صیہونی فوج نے ایرانی دارالحکومت تہران میں مختلف مقامات ۔ کرج شہر اور کرمان شاہ میں فضائی حملے کئے جس میں فوجی اور شہری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے سے تہران کے ایک رہائشی اپارٹمنٹ میں آگ لگ گئی۔ آئل ریفائنری اور تہران میں امام حسین فوجی اکیڈمی پر بھی حملہ کیا گیا۔


































