
تہران : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے تیار کردہ 3 جدید جنگی کشتیوں کو بحری فورسز کے حوالے کر دیا گیا۔ گشتی و جنگی فریگیٹ شہید سلیمانی، میزائلوں سے لیس تیز رفتار جنگی کشتی شہید روحی اور میزائلوں سے لیس فریگیٹ شہید دارا کو بحری فورس کے ساتھ ملحق کیا گیا ہے۔ سپاہ پاسداران کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ لانگ رینج میزائلوں اور برق رفتار کشتیوں کو نزدیک و دور کے پانیوں میں وقوع پذیر ہونے والے ممکنہ حوادث سے بخوبی نپٹنے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایرانی مسلح افواج کی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے سربراہ جنرل باقری کا کہنا تھا کہ ایرانی قوت میں پیشرفتہ میزائلوں، برق آسا جنگی کشتیوں اور دیگر عسکری صلاحیتوں کے روز بروز اضافے کا مطلب یہ ہے کہ ہم ایک ایسے منظر کی جانب بڑھ رہے ہیں جس میں اس خطے کی حفاظت خود اسی خطے کے ممالک کی جانب سے کی جائے گی۔


































