
لندن: ایمنسٹی انٹرنیشنل اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی امور نے افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی پامالی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان نے افغانستان میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے جو وعدہ کیا تھا وہ پورانہیں کیا۔ طالبان نےنہ صرف عوام کے حقوق بالخصوص خواتین کے حقوق کے تحفظ کے اپنے وعدے کو توڑا ہے بلکہ انھوں نے تشدد کاسلسلہ دوبارہ شروع کر دیا ہے اور بلا روک ٹوک انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے افغانستان میں انسانی حقوق کے احترام اور تحفظ کی ضمانت پر زور دیا۔ اقوام متحدہ کے ادارے نے بھی افغانستان میں خواتین کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور افغانستان کو خواتین کے لیے دنیا کے سب سے زیادہ چیلنجنگ ممالک میں سے ایک قرار دیا۔


































