
اسلام آباد : طالبان حکومت کے عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی نے افغانستان میں پاکستان مخالف عناصر کی موجودگی سے ہی انکار کردیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں خطاب میں امیر خان متقی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور یہ جاری رہیں گے۔ افغانستان میں کوئی بھی پاکستان مخالف عناصر نہیں۔ ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں کہ افغانستان کی سرزمین کسی کے خلاف بھی استعمال نہ ہو۔ کالعدم تحریک طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے، مذاکراتی عمل وقت لیتا ہے۔ پاکستان سے درخواست کی ہے کہ کراچی اور دیگر بندرگاہوں تک افغان تاجر کو رسائی دی جائے۔ امریکا قطر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ امریکا سمیت کئی بین الاقوامی اداروں نے امداد روک دی ہے۔ امداد کے بغیر ملک کے معاملات چل رہے ہیں۔


































