
دوحہ: ایران نے فلسطینی عوام کے حقوق کی مکمل بحالی تک اسرائیلی قبضے کے خلاف مزاحمت کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے دوحہ میں خلیل الحیا کی زیر قیادت حماس کے وفد نے ملاقات کی۔ جبکہ عباس عراقچی نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی ممالک اور بین الاقوامی برادری فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے، ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور جنگ بندی کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر مظاہرے مقبوضہ فلسطین کے بحران سے متعلق بڑھتی ہوئی عالمی بیداری کو ظاہر کرتے ہیں۔ عراقچی نے غزہ میں نسل کشی کے خاتمے، متاثرہ افراد تک انسانی امداد پہنچانے اور اسرائیلی رہنماؤں کو ان کے اعمال کا جوابدہ ٹھہرانے کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان مربوط کوششوں پر زور دیا۔


































