
خرطوم: سوڈان میں جنگ بندی کے باوجود لڑائی تھم نہ سکی۔ اومدرمان شہر کی فضا دھماکوں سے گونج رہی ہے۔ سوڈان میں جدہ معاہدے کے تحت پیر کی رات سے ایک ہفتے کی جنگ بندی نافذ ہونے کے باوجود لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ سفید اور نیلے دریائے نیل کے سنگم پر واقع شہر اومدرمان کی فضا دھماکوں سےگونج رہی ہے۔ شہر میں رات بھر لڑائی جاری رہی ہے۔ دارالحکومت خرطوم اور العبید میں جارحانہ کارروائیاں، فضائی حملے اور توپ خانے کا استعمال کیا جارہا ہے۔ لڑائی کی وجہ سے انسانی امداد کی فراہمی سست پر گئی ہے۔ سعودی عرب اور امریکا نے جنگ بندی کی پاسداری نہ ہونے پر تشویش کا اظہارکیا ہے اور متحارب فریقین پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کریں۔ معاہدے پر دستخط اور اس کے نافذ العمل ہونے کے 48 گھنٹوں کے دوران کوئی فوجی فائدہ حاصل نہ کرنے کے عہد کی پاسداری نہیں کی گئی۔ امریکہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے فریقین کو خبردار کیا کہ وہ جنگ بندی کی پابندی کریں ورنہ ممکنہ پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔


































