
تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ قرآن مجید کی بے حرمتی کی مذمت و مخالفت میں عملی اقدامات کے بغیر سوئیڈن حکومت کے بیان و دعوے قابل قبول نہیں ہیں۔ افسوس کی بات ہے کہ سوئیڈن میں انسانی حقوق کے بنیادی اصول کے منافی اقدام کے تحت مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ سوئيڈن کی پولیس کی آنکھوں کے سامنے کہ جس کی اصل ذمہ داری امن و امان کا تحفظ اور دوسروں کے حقوق کی پامالی کی روک تھام کرنا ہے، دو ارب سے زائد مسلمانوں کے اقدار و حقوق کی پامالی اور ان کے اقدار کی بے حرمتی نیز نفرت انگیز اقدامات ایسی حالت میں جاری ہیں کہ دنیا کے آزاد منش اور روشن خیال نیز حقیقت کے متلاشی لوگوں کے اذہان سے اس طرح کے اقدامات ہرگز باہر نہیں نکل سکتے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ سوئیڈن کی حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ انسانی حقوق کے بنیادی اصول پر کاربند رہتے ہوئے اور اپنے موثر نیز عملی اقدامات کے ذریعے اخلاق اور مختلف ادیان کی پرامن بقائے باہمی کی ترویج کے ساتھ مسلمانوں کے واضح ترین مطالبات کا ذمہ دارانہ طریقے سے جواب دے گی۔


































