
اسلام آباد : سابق وفاقی وزیر تعلیم اور اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی سے شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری اور صوبائی صدر وسطی پنجاب سید ساجد حسین نقوی نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال خاص طور پاراچنار میں جاری ظلم و ستم، جلاو گھیراو، قتل و غارتگری اور غیر انسانی رویوں پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور تکفیری دہشتگردوں کو ضلع کرم میں بدامنی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے واضح کیا گیا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے بھی اپنا کردار ادا نہیں کیا۔ رہنماوں میں اتفاق رائے پایا گیا کہ پاراچنار کے راستے کھلوانے کیلئے ملی قیادت کو کرم کی طرف امن لانگ مارچ کا اعلان کرنا چاہیے۔ حکومتی دعووں کے باوجود ابھی تک علاقے میں حالات معمول پر نہیں آ سکے۔ دہشتگرد اتنے مضبوط ہیں کہ جرگہ کے لوگوں کو بھی کام نہیں کرنے دیتے۔ انہوں نے گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی کی طرف سے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کو سراہا۔ منیر کیلانی نے افسوس کا اظہار کیا کہ پشاور ٹل پاراچنار روڈ کو ریاستی ادارے خالی کروانے اور اسے پرامن بنانے میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔ حالانکہ سکیورٹی اداروں کی مسلسل موجودگی وہاں ثابت کرتی ہے کہ وہ امن و امان کو قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاراچنار میں مومنین کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جا سکتا.


































