
میڈرڈ : اسپین نے اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری کارروائی اور یورپی یونین سے اسرائیل پر ہتھیاروں کی پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ہسپانوی وزیر خارجہ ہوزے مینوئل الباریس نے میڈرڈ گروپ کے اجلاس سے خطاب میں خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے بے گناہ فلسطینی شہریوں کے قتل عام پر خاموشی اس میں ملوث ہونے کے مترادف ہے۔مینوئل الباریس نے بین الاقوامی پابندیوں کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو اب فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ غزہ میں جاری انسانی بحران کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس جنگ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام پر غور کرنا ہوگا انہوں نےکہا کہ آگے بڑھنے کا واحد قابل عمل راستہ دو ریاستی حل کا نفاذ ہے۔ دو ریاستی حل اسرائیل کے خلاف نہیں ہے بلکہ اس کی سلامتی کے تحفظ کے لیے کام کرتا ہے.


































