
لاہور : سموگ کی بگڑتی صورت حال پر پنجاب حکومت نے لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی ، دونوں شہروں میں بدھ کو صورتحال دیکھتے ہوئے آئندہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن لگائے جانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سموگ کے حوالے سے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاہور سموگ کی لپیٹ میں ہے، دھند کا سیزن بھی شروع ہوگیا ہے، اے کیو آئی لیولز انٹرنیشنل اسٹینڈرز کے مطابق خطرناک ہیں، اس وقت سموگ ایک نیشنل ڈیزاسٹر ہے جو ہیلتھ کرائسز میں تبدیل ہوچکی ہے۔
مریم اورنگزیب کاکہنا تھا کہ ہمیں ہر طرف سے تجاویز آرہی ہیں، ڈبلیو ڈبلیو ایف نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سموگ کی 10 سالہ پالیسی لانچ کردی ہے، پنجاب میں پہلی بار کسانوں کو 1 ہزار سپر سیڈر دیئے ہیں، پنجاب سپر سیڈر کو کرائے پر بھی حاصل کررہے ہیں، فصلوں کی باقیات کے جلاؤ سے بچنے کیلئے سپرسیڈر دیئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب کیمرہ مانیٹرنگ ہم خود دیکھ رہے ہیں، ہم نے 800 سے زائد بھٹے مسمار کیے ہیں، بھٹوں کو زگ زیگ کر تبدیل کرکے چلوائے ہیں، سموگ والا مسئلہ نہ اگلے ماہ ختم ہوگا نہ اگلے سال، سموگ ایک لانگ ٹرم پراسیس ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے متعلقہ محکموں کو تین تین ماہ کے ٹارگٹ دیئے ہیں ، خدارا میڈیا پر بھی ٹیکنالوجی کو سموگ کے کنٹرول کیلئے استعمال کریں، میں نے اس سیکٹر میں گیارہ بارہ سال کام کیا ہے، میں نے کبھی نہیں کہا کہ ایکسپرٹ ہوں، سموگ کی روک تھام والا کام ہم سب نے مل کر کرنا ہے، این جی اوز،سول سوسائٹی اور چاروں صوبائی حکومتوں نے یہ کام مل کرکرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک ہفتے ایبٹ آباد کا اے کیو آئی 290 پر رہا ہے، یہ کسی ملک کی بلیم گیم نہیں، نہ بھارت ہوا کا رخ بدل سکتا ہے نہ ہم، دونوں ممالک کو اکٹھا بیٹھنا پڑے گا ، سموگ والا مسئلہ کسی ملک کا ذاتی نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں کا ہے، سموگ کے خاتمے کیلئے پلان پر پچھلے 8 ماہ سے عملدرآمد جاری ہے، لاہور میں کل اے کیو آئی اوریج 1110 تھی اور یہ 2 ہزار تک بھی گئی تھی، لاہور کی سڑکوں پر گاڑیوں اوربائیکس کی تعداد کو دیکھ لیں کسی کو کوئی فرق نہیں، کل میں خود لاہور کی سڑکوں پر گئی ،فیملیز گھوم پھر رہی ہیں ،کسی کو کوئی پرواہ نہیں۔
مریم اورنگزیب نے لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی ڈکلیئر کرتے ہوئے کہا کہ اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائے گا ، لاہور اور ملتان میں کنسٹرکشن سائیڈز پر ہر طرح کی پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر نےکہا کہ ڈیٹوکس لاہور کے نام سے کمپین لانچ کر رہے ہیں ، اسکولوں کو مزید بند کرنے پلان بن رہا، اسکول کالج اور یونیورسٹیز کو آن لائن کیا جا رہا ہے، اسکولوں کی چھٹیوں کو دوبارہ ریویو کیا جائےگا، سموگ موت کا سبب بن سکتی ہے، لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی ،شہر میں بمبر ٹو بمبر ٹریفک ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ ریسٹورنٹ کو 4 بجے ڈائن ان کی اجازت ہوگی جبکہ 8 بجے تک ٹیک اوے جاری رہے گا، لاہور اور ملتان میں اگلے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن ہو سکتا ہے، بدھ تک ٹریفک اور اے کیو آئی کی صورتحال دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔


































