
مقبوضہ بیت المقدس : جہاد اسلامی فلسطین نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح میں رہائش پذیر عوام کو بیت المقدس کو یہودی بنانے کی صیہونی سازش کے مقابل فرنٹ لائن پر اور علاقے کو مقدسات کے دفاع کا اگلا مورچہ قرار دیا ہے۔ جہاد اسلامی کے ترجمان طارق عزالدین نے شیخ جراح کے مکینوں کی جانب سے زمینوں پر قبضے کے بدلے رقم کی وصولی سے متعلق صیہونی دھوکے بازی کی مخالفت کو قابل ستائش قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی فریب کارانہ پالیسی کے مقابلے میں شیخ جراح کے مکینوں کا فیصلہ ان کے ملّی اور دینی جذبے اور اس سرزمین سے ان کی قبلی وابستگی کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ خود ساختہ صیہونی حکومت چاہے جو بھی ستم ڈھالے یہ قوم اپنے حق سے دستبردار ہونے والی نہیں ہے۔ جہاد اسلامی نے عرب اور اسلامی ملکوں سے اپیل کی کہ وہ اسلامی مقدسات کا دفاع کرنے والے بیت المقدس کے مکینوں کی حمایت میں زیادہ سے زیادہ آواز بلند کریں۔ دوسری جانب حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روئے زمین کی کوئی بھی طاقت فلسطینیوں کو اپنی آبائی سرزمین ترک کرنے پر مجبور نہیں کرسکتی۔ علاقے کے فلسطینیوں نے ثابت کردیا کہ وہ اپنی سرزمین اور اپنے حقوق سے دستبردار ہونے والے نہیں ہیں۔فلسطین کا معاملہ کسی ایک قوم یا ایک امت کا معاملہ نہیں، اور علاقے میں اثر و رسوخ اور پینگیں بڑھانے کی صیہونی کوششیں بھی لاحاصل رہیں گی۔


































