
ریاض َ صیہونی حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر سعودی وزیرخارجہ سمیت عرب وزرائے خارجہ نے رام اللہ کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا۔ سعودی عرب، مصر، اردن، قطر، یواے ای کے وزرائے خارجہ کو آج رام اللّٰہ کا دورہ کرنا تھا۔ اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ عرب وزرائے خارجہ فلسطینی ریاست کے قیام پر بات چیت کے خواہشمند ہے تاہم اسرائیل فلسطینی ریاست کے قیام کی اجازت نہیں دے گا۔ اردن کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفد کو روکنے کا فیصلہ ایک قابض قوت کے طور پر اسرائیل پر عائد ذمہ داریوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ بیان میں کہاگیاہے کہ اس سے اسرائیلی حکومت کے بڑھتے تکبر کی جھلک ملتی ہے اوریہ بین الاقوامی قانون کی بے توقیری کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے مسلسل بڑھتے ناجائز اقدامات اور پالیسیوں کی بھی عکاسی کرتا ہے۔


































