
مقبوضہ بیت القدس: صیہونی وزیر اتمار بن گوئر کی قیادت میں درجنوں آبادکاروں نے ایک بار پھر مسجد اقصٰی پر دھاوا بول دیا۔ سخت سیکیورٹی اور فوجی اہلکاروں کے حصار میں اتمار بن گوئر اور دیگر آبادکار صبح سویرے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں گھس گئے۔ اتمار بن گوئر نے وزیر بننے کے بعد دوسری بار مسجد الاقصیٰ کی بےحرمتی کی ہے۔ بین گویر کی مقدس مقام میں دراندازی کے بعد صیہونی آباد کاروں کےمزید گروپوں کومسجد الاقصیٰ میں داخلے کی اجازت مل گئی۔ صیہونی آبادکار کچھ دیر وہاں رہے۔جہاں انہوں نے پولیس کی حفاظت میں رسومات ادا کیں۔ مسجد کے امور کے نگراں اسلامی وقف نے صیہونی آبادکاروں کی جانب سے مقدس مقام کی باربار بے حرمتی کو اشتعال انگیز قرار دیا ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نبیل ابو ردینہ نے اتمار بن گویر کی مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں دراندازی کو مقدس مقام پر ایک صریح حملہ قرار دیا ہے اور خبردار کیا کہ سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔


































