
ریاض : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عراقی شیعہ عالم عمار الحکیم سے ملاقات کی اور عراق میں جاری سیاسی بحران پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ ملاقات عراق کی حکمت موومنٹ کے رہنما کے غیر اعلانیہ دورے کے موقع پر ہوئی۔ ملاقات میں سعودی عراق تعلقات کے ساتھ ساتھ مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات سے متعلق عمار الحکیم نے ٹوئٹ کیاکہ سعودی ولی عہد اور میں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تاریخی تعلقات پر زور دیا۔ ہم نے عراق میں موجودہ سیاسی تعطل کے حل تک پہنچنے کے لیے مختلف فریقوں کے درمیان بات چیت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ الحکیم نے خلیج کے دونوں اطراف میں استحکام کی اہمیت پر زور دیا اور ایران اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے لیے ثالثی میں عراق کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے فلسطینی کاز کی مرکزیت کو بھی اجاگر کیا۔


































