
نیویارک: سعودی عرب نے فلسطینی اتھارٹی کے لیے ایک ہنگامی بین الاقوامی اتحاد قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت مملکت نو کروڑ ڈالر فراہم کرے گی۔ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے دو ریاستی حل پر عالمی اتحاد کے مشترکہ اجلاس میں کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد اب 159 سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس نئی پیش رفت کا مقصد مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور دو ریاستی فارمولے پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔
فیصل بن فرحان نے زوردیا کہ غزہ کی جنگ کا خاتمہ دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے بنیادی شرط ہے۔ ہم امریکا کے ساتھ مل کر جنگ روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعلق اس وقت تک ممکن نہیں جب تک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر سے ملاقات میں خبردار کیا گیا ہے کہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم کرنے کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔


































