
ماسکو : روس ایران میں آٹھ نئے جوہری بجلی گھر تعمیر کرے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان رواں ہفتے ہی ماسکو میں معاہدہ متوقع ہے۔
ایران کی ایٹمی توانائی کی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی ماسکو پہنچے ہیں جہاں وہ روسی حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور پچیس سے انتیس ستمبر تک عالمی ایٹمی ہفتہ کے موقع پر منعقدہ تقریبات میں شرکت کریں گے۔ محمد اسلامی نے کہا کہ روس کے ساتھ معاہدے کی بات چیت ہو چکی ہے، اور اس ہفتے معاہدے پر دستخط کے ساتھ ڈیزائننگ، انجینئرنگ اور مزید کارروائیوں کا آپریشنل مرحلہ خود بخود شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آٹھ میں سے چار جوہری پلانٹ بوشہر میں تعمیر کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے آئی اے ای اے کے ساتھ حفاظتی معاہدے سے تعمیل کا اعادہ کیا اور کہا کہ ایران اپنی پرامن جوہری سرگرمیاں جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ ایران کے 70 سخت گیر ارکان پارلیمنٹ نے سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل اور پارلیمنٹ کے نام خط میں دفاعی نظریے اور جوہری ہتھیاروں سے متعلق مؤقف کا از سر نو جائزہ لینے پر زور دیا اور کہا تھا کہ اسرائیلی خطرات کے پیش نظر ایٹم بم بنایا جائے۔


































