
ماسکو: روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخاروف نے کہا ہےکہ ماسکو مغربی پابندیوں کے باوجود کامیابی سے نئے معاشی نظام تشکیل دے رہا ہے۔ روسی نیوز ایجنسی تاس سے گفتگو میں ماریہ زخاروف نے کہا کہ روس کی خارجہ پالیسی اور اقتصادی سفارت کاری اب عالمی اکثریتی ممالک کے ساتھ پائیدار شراکت داری کے لیے قابلِ اعتماد حالات پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جغرافیائی و سیاسی صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے لیکن روس نے اس زہر کا تریاق تیار کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس غیر مغربی ممالک کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنا رہا ہے۔ بڑے پیمانے پر مالی اور تکنیکی پابندیوں کے باوجود مغرب اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکا۔ زخاروف کے مطابق روسی حکومت متبادل مالیاتی نظام، قومی کرنسیوں میں تجارت اور برکس ممالک سمیت دیگر شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطوں کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے مغرب کے اس مؤقف کو مسترد کیا کہ روسی معیشت زوال کا شکار ہے اور کہا کہ حقیقت میں یورپی یونین خود پابندیوں کے منفی اثرات بھگت رہی ہے۔


































