
صنعا : انصار اللہ کا کہنا ہے کہ یمن کی تمام سرزمین کی آزادی تک مزاحمت جاری رہے گی۔ انصار اللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے صوبہ مآرب میں یمنی فوج کی حالیہ کامیابیوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے مسائل کی اصل وجہ سعودی اتحاد اور اس کے فوجی ہیں اور پورے ملک کی آزادی تک ان فوجیوں سے جنگ جاری رہے گی۔ قومی سالویشن حکومت کے سینئر مذاکرات کار اور ترجمان نے صوبہ مآرب میں حالیہ فوجی کامیابیوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ سلام ہو صوبہ مآرب کے شریف عوام پر، ہم تاکید کرتے ہیں کہ یمن اپنے تمام شہریوں کے لئے اقتدار اعلی کا حامل ہو ۔ یمن کے مسائل جارح سعودی اتحاد، غاصب فوجیوں اور ملک کے ظالمانہ قبضے کی وجہ سے ہیں، کسی دوسری چیز کی وجہ سے نہيں ہیں۔ اسی لئے ملک کی تمام سرزمینوں کی آزادی تک مزاحمت جاری رہنی چاہئے۔


































